Saturday, September 21, 2024

توشہ خانہ میں نااہلی، کیس حتمی دلائل کیلئے 13 دسمبر کو مقرر

توشہ خانہ میں نااہلی، کیس حتمی دلائل کیلئے 13 دسمبر کو مقرر
December 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - توشہ خانہ میں الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کیخلاف عمران خان کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس حتمی دلائل کیلئے 13 دسمبر کو مقرر کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس کیس میں نااہلی کے فیصلے کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے لیگی رہنما محسن شاہ نواز رانجھا سے استفسار کیا کہ کیا آپ کا ریفرنس تھا؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم نے درخواست اسپیکر قومی اسمبلی کو دی تھی، جنہوں نے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا تھا ۔

عمران خان کے وکیل علی ظفر نے استدعا کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کو مزید کوئی ایکشن لینے سے روک دے ۔ الیکشن کمیشن نے فوجداری کارروائی کے لیے کمپلینٹ فائل کی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے پارٹی سربراہ کو ہٹانے سے متعلق بھی کارروائی شروع کر دی ہے ۔

نمائندہ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ہمیں تو عدالت نے پہلے ہی روک رکھا ہے، ہم کوئی کارروائی آگے نہیں بڑھا رہے ۔ جس پر وکیل علی ظفر نے عدالت سے درخواست کی کہ الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کے لیے ایک اور نوٹس جاری کردیا ہے۔ عدالت اس کو روک دے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس کیس کی جلد سماعت کر کے فیصلہ کر دے گی۔