Wednesday, April 24, 2024

توشہ خانہ کیس، عمران خان کیخلاف تحقیقات کیلئے نیب ٹیم شواہد جمع کرنے دبئی پہنچ گئی

توشہ خانہ کیس، عمران خان کیخلاف تحقیقات کیلئے نیب ٹیم شواہد جمع کرنے دبئی پہنچ گئی
March 8, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا، نیب ٹیم شواہد جمع کرنے دبئی پہنچ گئی۔

تحفے میں ملی قیمتی گھڑی کب اور کہاں بیچی اور کتنے میں بیچی؟ توشہ خانہ گھڑی کا معاملہ سلجھ نہ سکا۔ توشہ خانہ کی تحقیقات کے لیے نیب ٹیم دبئی پہنچ گئی۔ ٹیم نے گھڑی خریدنے کے دعویدار عمر فاروق کے گھر ۔۔ پاکستانی سفارتخانے اور کچھ دکانوں کا دورہ بھی کیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کی تحقیقات کیلئے نیب کی تفتیشی ٹیم دبئی پہنچ گئی ہے۔ نیب ڈائریکٹر رضوان احمد کی سربراہی میں 4 رکنی ٹیم دبئی پہنچی ہے، نیب ٹیم نے پاکستانی سفارتخانے اور کچھ دکانوں میں جاکر معلومات لیں، نیب ٹیم نے قیمتی گھڑی کی فروخت سے متعلق اہم معلومات بھی اکٹھی کرلی ہیں۔

نیب ٹیم نے تحفے کی گھڑی خریدنے کے دعویدار عمر فاروق کے گھر، یو اے ای میں پاکستانی سفارتخانے اور کچھ دکانوں کا بھی دورہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ نیب گراف کعبہ ایڈیشن گھڑی اور دیگر تحائف کی فروخت کی تحقیقات کر رہا ہے، سعودی ولی عہد شہزادہ بن سلمان نے گھڑی عمران خان کو تحفے میں دی تھی۔ نیب راولپنڈی نے گھڑی کی تحقیقات سے متعلق عمران خان کو کل طلب بھی کر رکھا ہے۔