Friday, May 3, 2024

عمران خان کے ایک مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری، 3 میں ضمانت منظور

عمران خان کے ایک مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری، 3 میں ضمانت منظور
February 28, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - عمران خان کے ایک مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری جبکہ 3 میں ضمانت منظور کرلی گئی۔

اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے اقدام قتل اور توشہ خانہ فوجداری کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آج فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کیا تھا۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عدم حاضری پر وارنٹ جاری کیے۔ عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ اور کیس کے التواء کی درخواست خارج کردی۔ کیس کی مزید سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔

اس سے قبل توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وکیل نے سماعت پانچ دن کیلئے ملتوی کرنے کی استدعا کی، موقف اپنایا کہ میں آج عمران خان کو عدالت میں پیش کرنے کے قابل نہیں ہوں، اگر عمران خان عدالتی وقت میں جوڈیشل کمپلیس سے نکل آئے تو پیش ہو جائیں گے۔

عدالت نے عمران خان کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ادھر آئیں، فرد جرم عائد ہوجائے تو پھر چلےجائیں، الیکشن کمیشن کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی مخالفت کی۔

عمران خان کی دہشت گردی دفعات حذف کرنے سے متعلق درخواست میں ضمانت منظور کرلی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بھی عمران خان کی ضمانت منظور کرلی۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بینکنگ کورٹ نے عمران خان کی ضمانت کی توثیق کردی۔

عمران خان کی پیشی پر تحریک انصاف کے کارکنان گیٹ توڑ کر جوڈیشل کمپلیکس میں داخل ہو گئے، کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، ہنگامہ آرائی میں اہلکاروں کی وردیاں پھٹ گئیں، کارکنوں نے جوڈیشل کمپلیکس کے شیشے اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی توڑ دیئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی جوڈیشل کمپلیکس اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد موٹروے کے ذریعے لاہور واپس پہنچ گئے۔