توشہ خانہ فوجداری کیس میں سزا کیخلاف درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی
اسلام آباد (92 نیوز) - توشہ خانہ فوجداری کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر وکیل الیکشن کمیشن کی بیماری کے باعث اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت پیرتک ملتوی کردی۔
دوران سماعت الیکشن کمیشن کے لا افسر نے وکیل امجد پرویز کی بیماری کا عذر پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پیش نہیں ہو سکے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ غلط بات ہے، پندرہ بیس منٹ کے دلائل ہیں، ہم خصوصی طور پر آج ہم بیٹھے ہیں جمعہ کو تو ہم بیٹھتے بھی نہیں۔ وکیل نے کہا کہ یہ صورت حال کسی کے ساتھ بھی پیش آسکتی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم نے آپ کی معاونت کرنی ہے، آپ اللہ کو جواب دہ ہیں، بیس دن ہو گئے ہیں ایک بندہ اندر پڑا ہوا ہے، یہ جانبداری ہوگی۔
وکیل لطیف کھوسہ نے کیس ملتوی نہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے ملتوی کرنا ہے تو میں پھر اس کا حصہ نہیں بن رہا، آپ کا جونئیر جج آپ کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے جو کیا میں اس کو ایڈمنسٹریٹوسائیڈ میں دیکھوں گا، ہم بھی ٹرائل کورٹ والا کام کر سکتے ہیں مگر ایسا نہیں کریں گے، یہ ایک شخص کے بنیادی حقوق کا معاملہ ہے۔
بیرسٹر گوہر نے عدالت سے الیکشن کمیشن کے وکیل کو ایک گھنٹہ دینے کی استدعا کی، چیف جسٹس نے کہا کہ ہم کیس پیر تک ملتوی کرتے ہیں۔ وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ پھر چیئرمین پی ٹی آئی کو مزید تین دن اندر رکھیں گے؟ آپ آج سزا معطل کردیں اور اگر پیر کو ان کے دلائل سے مطمئن ہوں تو بے شک واپس جیل بھجوا دیں۔
لطیف کھوسہ احتجاجا روسٹرم چھوڑ کر چلے گئے اور کہا کہ پیر کو ہم عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، آپ نے جو کرنا ہے کریں۔ عدالت نے وکیل امجد پرویز کی التواء کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔