Sunday, September 8, 2024

توشہ خانہ کیس فوجداری کیس، عمران خان پر فردِجرم پھر عائد نہ ہو سکی، وارنٹ گرفتاری منسوخ

توشہ خانہ کیس فوجداری کیس، عمران خان پر فردِجرم پھر عائد نہ ہو سکی، وارنٹ گرفتاری منسوخ
March 18, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - توشہ خانہ کیس فوجداری کیس میں چیئرمین تحریک انصاف پر فردِجرم پھر عائد نہ ہو سکی۔ اسلام آباد کی عدالت کے باہر کشیدہ صورتحال کی وجہ سے عمران خان کو گیٹ پر حاضری لگوانے کی اجازت دی گئی، عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے 30 مارچ کو دوبارہ ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عدالتی کارروائی سے بچ نکلے۔ جوڈیشل کمپلیکس میں دوران سماعت خواجہ حارث نے بتایا کہ عمران خان کو سکیورٹی کی جانب سے روکا جا رہا ہے۔ عدالتی اوقات کار بھی ختم ہو گئے، جس پر جج ظفر اقبال نے کہا وہ انتظار کرنے کو تیار ہیں، ایسا نہیں کہ وہ کہیں ساڑھے 3 بج گئے تو بات ختم ہو گئی، اگر کوئی پیش ہونا چاہ رہا ہے تو وہ یہیں موجود ہیں۔

کچھ دیر بعد خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان پہنچ گئے۔ وہ بھی دو گھنٹے سے انتظار کر رہے ہیں، کارکنان آئے ہوئے ہیں تو کیسے روک سکتے ہیں؟ عدالت نے اپنے نائب کورٹ کو ایس او پیز اور ایس ایس پی لیول کے افسر کو ساتھ لے جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جا کے بتائیں کہ جو ایس اوپیز طے ہے اس کے مطابق عمران خان کو اندر آنے دیا جائے۔

سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر لیگل ٹیم نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گاڑی میں ہی حاضری لگوانے کیلئے درخواست دائر کی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ سٹاف بھیج کر حاضری لگائی جائے۔ جس کو عدالت نے منظور کر لیا۔

سماعت کے اختتام پر عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ چلیں پھر بحث ایف ایٹ کچہری میں ہی سنیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے کیس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔