Saturday, September 21, 2024

توہین عدالت نوٹس پر اسد عمر نے غیرمشروط معافی مانگ لی

توہین عدالت نوٹس پر اسد عمر نے غیرمشروط معافی مانگ لی
December 7, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - توہین عدالت نوٹس پر پی ٹی آئی رہنما اسدعمر نے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

احتجاج اور دھرنوں سے متعلق کیس میں اسد عمر کو جاری توہین عدالت کے نوٹس پر سماعت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جج جسٹس جواد حسن نے کی۔ دوران سماعت اسد عمر روسٹرم پر آئے اور غیر  مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہینگے۔ اگر میری تقریر سے کوئی لائن کراس ہوئی ہے تو میں عدالت سے معافی مانگتا ہوں۔ میری تقریر میں کسی جج کا نام نہیں تھا۔

جسٹس جواد حسن کا کہنا تھا کہ مسئلہ توہین عدالت کا نہیں اداروں اور ان کی شخصیات کے اوپر الزامات کا ہے۔ عدالت کے پاس آپ کا ویڈیو بیان موجود ہے۔ آپ کو معلوم ہے آپ نے تقریر میں کیا کہا۔ آئین کے آرٹیکل 50 اور 60 رائٹ ٹو ڈیموکریسی اور رائٹ ٹو موومنٹ کی اجازت دیتے ہیں لیکن اداروں پر تنقید نہیں۔ بعد میں عدالت نے اسد عمر کو جاری توہین عدالت نوٹس کیس نمٹا دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں اسد عمرنے کہا کہ میں نے عدلیہ کے بارے میں کوئی ایسی بات نہیں کی جس میں یہ ظاہر ہو کہ میں نے کسی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہو۔