Saturday, April 20, 2024

توہین عدالت کیس، سابق چیف جج رانا شمیم نے نیا غیرمشروط معافی نامہ جمع کرا دیا

توہین عدالت کیس، سابق چیف جج رانا شمیم نے نیا غیرمشروط معافی نامہ جمع کرا دیا
September 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کیس میں نیا غیرمشروط معافی نامہ جمع کرا دیا۔

رانا شمیم نے نئے معافی نامے میں بیان حلفی میں درج الفاظ واپس لے لیے۔ ایک صفحے پر مشتمل معافی نامے میں کہا گیا ہے کہ بیان حلفی میں غلطی سے ہائی کورٹ کے جج کا نام شامل ہو گیا تھا۔ اپنی اس سنگین غلطی پر معافی کا طلبگار ہوں جو غلطی دراصل نہیں ہونی چاہئے تھی۔

 انہوں نے کہا دس نومبر 2021 کے بیان حلفی میں جج کا نام مس انڈرسٹینڈنگ کی وجہ سے شامل ہوا۔ میں اپنے بیان حلفی کے متن کو واپس لیتا ہوں۔ اپنے غلط  بیان حلفی پر غیر مشروط معافی مانگتا ہوں اور خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔

رانا شمیم نے کہا تھا کہ انہوں نے جولائی 2018 میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی فون پر گفتگو سنی جب وہ گلگت بلتستان کے دورے پر آئے ہوئے تھے۔ لان میں چائے کے دوران ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے جج کو نواز شریف کیس سے متعلق ہدایات دیں کہ نواز شریف اور مریم نواز کو الیکشن سے پہلے جیل سے باہر نہیں آنا چاہئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بیان حلفی کی جنگ اور دی نیوز میں اشاعت پر توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کر رکھا ہے۔