Saturday, May 4, 2024

توہین عدالت کیس، رانا شمیم نے غیر مشروط معافی مانگ لی

توہین عدالت کیس، رانا شمیم نے غیر مشروط معافی مانگ لی
September 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - رانا شمیم توہین عدالت کیس میں نیا موڑ آگیا، سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے غیر مشروط معافی مانگ لی، رانا شمیم نے اپنا جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیا۔

سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے اپنے جواب میں لکھا ہے کہ لان میں چائے پر سابق چیف جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار سے ملاقات کے دوران ان کی گفتگو سنی۔ میں نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے منہ سے سینئر پیونی جج کے الفاظ بار بار سنے۔ بیان حلفی تین سال بعد 72 سال کی عمر میں ذہنی دباؤ میں لکھا۔ غلط فہمی کی بنا پر سینئر پیونی جج کی جگہ جسٹس عامر فاروق کا نام بیان حلفی میں لکھ دیا۔

جواب میں مزید لکھا کہ غلطی پر گہرا دکھ ہے اور عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔ عدلیہ کو اسکینڈلز کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ میری غلط فہمی کی بنا پر جو صورت حال پیدا ہوئی شروع دن سے اس کا اظہار کرتا آرہا ہوں۔ اپنی غلط فہمی پر اس عدالت کے تمام حاضر سروس ججز سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔ عدالت سے مودبانہ استدعا ہے کہ عدالت میری معافی قبول کرے۔