Saturday, September 21, 2024

توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کی درخواست مسترد

توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کی درخواست مسترد
December 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وفاقی وزرا فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن  کیس میں عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کو تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان کی  سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو شوکاز نوٹس جاری کیے، تاہم  وہ پیش نہیں ہوتے۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کا شوکاز نوٹس چیف الیکشن کمشنر نے نہیں، کسی دوسرے افسر نے جاری کیا۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایات کے ساتھ کیس نمٹا دیا۔

عدالت عظمی نے وضاحت کی کہ لاہور اور  سندھ ہائی کورٹس نے الیکشن کمیشن کو  سماعت سے نہیں روکا۔ الیکشن کمیشن لاہور اور سندھ ہائی کورٹس کے فیصلے تک کیس میں کوئی حتمی فیصلہ جاری نہ کرے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹس میں زیر التوا درخواستوں پر سماعت جلد مکمل کی جائے۔