Thursday, May 2, 2024

توہین الیکشن کمیشن کیس، عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو پیش ہونے کا آخری موقع

توہین الیکشن کمیشن کیس، عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو پیش ہونے کا آخری موقع
January 17, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو پیش ہونے کا آخری موقع مل گیا۔ ممبر نثار درانی نے کہا آئندہ سماعت پر اگر پیش نہ ہوئے تو یکطرفہ کارروائی کر کے فیصلہ سنا دیں گے۔

عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت چار رکنی کمیشن نے کی۔ معاون وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ فیصل چودھری اور دیگر وکلاء لطیف آفریدی کے جنازے میں گئے ہیں۔ معاون وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تو ممبر سندھ نثار درانی بولے عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری ذاتی طور پر الیکشن کمیشن پیش نہیں ہوئے۔ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا آرڈر معطل نہیں کیا۔

ممبر اکرام اللہ نے کہا ہائیکورٹ نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو پیش ہونے سے نہیں روکا۔ خود پیش نہیں ہوتے تو وکلاء کے وکالت نامے واپس کردیں گے۔ کریمنل کیس میں فریقین کا خود پیش ہونا ضروری ہوتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو پیش ہونے کا آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر عدم پیشی کی صورت میں یکطرفہ کارروائی کر کے فیصلہ سنا دیں گے۔

الیکشن کمیشن نے عدم حاضری پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے مزید سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔