Friday, May 17, 2024

توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر ذاتی حیثیت میں طلب

توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر ذاتی حیثیت میں طلب
May 23, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماوں فواد چودھری اور اسد عمر کو 5 جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

ممبر نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی، عمران خان اور فواد چودھری کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری جبکہ اسد عمر کی جانب سے معاون وکیل پیش ہوئے۔

فیصل چودھری نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کا آرڈر گزشتہ روز موصول ہوا،آرڈر لیٹ موصول ہوا تو کیسے تیاری کرتے،ممبر کمیشن نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا موقع دیا تھا، جس پر وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ ہمارے خلاف 150 کیسز ہیں، روزانہ 36 کیسز ہوتے ہیں، ممبر نے کہا کہ جب 150 کیسز نہیں تھے تب بھی آپ پیش نہیں ہوتے تھے۔

فیصل چودھری نے سماعت جون کے پہلے ہفتے تک ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ چیزیں ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں، الیکشن کمیشن یہ بات دماغ سے نکال دے کہ ہم ان کی توہین کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت میں عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے، تینوں رہنماؤں کی عدم پیشی پر اگلی سماعت پر کیس کو بھی نمٹا دیں گے۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 5 جون تک ملتوی کردی۔