Friday, April 19, 2024

توانائی کی بچت مہم، پنجاب میں پیر کے روز سے بازار رات 9 بجے بند ہوں گے

توانائی کی بچت مہم، پنجاب میں پیر کے روز سے بازار رات 9 بجے بند ہوں گے
June 18, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - توانائی کی بچت مہم کے تحت پنجاب میں پیر کے روز سے بازار رات 9 بجے بند ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے توانائی کی بچت کے لئے صوبہ بھر کی تاجر برادری کی مشاورت سے بڑا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے تاجروں سے ملاقات میں کہا ریسٹورنٹس رات ساڑھے گیارہ بجے تک کھلے رہیں گے، شادی ہالز کے اوقات کار 10 بجے تک ہی مخصوص رہیں گے۔ ہفتے کے روز اوقات میں رعایت برتی جائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ میڈیکل سٹورز پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا، عید کی شاپنگ کے لیے اوقات کار کی پالیسی کا تاجر برادری سے مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا۔

تاجر برادری نے توانائی بحران میں حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔ صوبہ بھر کے تاجر عہدیدارو ں اور نمائندوں نے توانائی بچت مہم کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

خواجہ سلمان رفیق، خواجہ احمد حسان، رانا مشہور احمد، سید علی حیدر گیلانی، عطا تارڑ، چودھری بلال اصغر، عمران گورایہ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔