Friday, April 19, 2024

بجلی بحران، سندھ میں کاروبار آج رات سے 9 بجے بند کرنیکا حکم

بجلی بحران، سندھ میں کاروبار آج رات سے 9 بجے بند کرنیکا حکم
June 17, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت نے کاروباری اوقات کار تبدیل کردیئے۔ صوبے میں کاروباری سرگرمیاں رات 9 بجے کے بعد جاری رکھنا ممنوع قرار دیدیا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کاروباری سرگرمیوں کیلئے اوقات کار سے متعلق پابندی کا حکم نامہ جاری کردیا۔ نئے کاروباری اوقات کار کا اطلاق آج سے ہوگا۔

تمام بازار شاپنگ پلازہ چھوٹی بڑی مارکیٹیں رات 9 بجے تک کھلی رکھی جاسکیں گی۔ شادی ہالز کو رات ساڑھے 10 بجے تک بند کرنا ہوگا۔ سندھ میں تمام کاروباری سرگرمیوں کے لیے نئےاوقات کار 16 جولائی تک نافذالعمل ہونگے۔

ہوٹلز ریسٹورنٹ، کافی شاپس رات 11 بجے کھلی رکھی جاسکیں گی، میڈیکل اسٹورز پٹرول، سی این جی پمپس پر کاروباری اوقات کار کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ادھر پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ حکومت کے فیصلے پر ردعمل میں کہا کہ کراچی میں شادی ہالز، مارکٹ، ریسٹورنٹ بند کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت کو سمجھ نہیں آرہا ملک کیسے چلائیں، اسی نظام کے ساتھ عمران حکومت میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوتی تھی، نالائق امپورٹڈ حکومت کے آنے سے پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے، سندھ حکومت ساتھ ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ عمران خان نے کراچی کو ایڈیشنل بجلی دی تاکہ کراچی چلتا رہے۔