Thursday, April 25, 2024

تمہاری ہر بات میں فتنہ، شر اور سازش ہے، مریم نواز کی عمران خان پر تنقید

تمہاری ہر بات میں فتنہ، شر اور سازش ہے، مریم نواز کی عمران خان پر تنقید
October 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تمہاری ہر بات میں فتنہ، شر اور سازش ہے، شرم کرو۔

مریم نواز نے ٹویٹ میں عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا، سوال کیا کہ تمھارے مخالفین کے خلاف جو ہو وہ حلال اور جو تمھارے خلاف ہو وہ حرام؟ تمھاری ہر بات میں فتنہ، شر اور سازش ہے۔  تمھاری بات کی اس لیے کوئی حیثیت نہیں کیونکہ جب تم وزیرِ اعظم تھے تو اپنے مخالفین کی ریکارڈنگز کو جائز قرار دیتے تھے اور اسکو حلال کہتے تھے اور کہتے تھے کہ ایجنسیوں کا تو کام ہی یہی ہے۔ نا اب تمھارے مطلب کی JIT ملے گی نا تمھارےآنکھوں کانوں والی ایجینسیاں۔

ادھر عمران خان نے لکھا کہ آڈیولیکس قومی سلامتی پر ایک سنگین حملہ ہیں کیونکہ ان سے وزیراعظم آفس اور وزیراعظم ہاؤس کے پورے حفاظتی نظام پر سوالات اٹھتے ہیں۔ بطور وزیراعظم میری رہائشگاہ کی محفوظ لائن بھی Bugged تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم ان آڈیوز کی پڑتال کیلئے عدالت سے رجوع کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ایک جے آئی ٹی کے ذریعے سراغ لگایا جا سکے کہ کون سی انٹیلی جنس ایجنسی فون ٹیپ کی ذمہ دار ہے اور کون یہ آڈیوز جاری کر رہا ہے جن میں سے بہت سی ترمیم شدہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تحقیق نہایت اہم ہے کیونکہ قومی سلامتی سے جڑے حساس موضوعات پر گفتگو کو غیرقانونی طور پر ریکارڈ اور پھر ہیک کیا گیا۔ نتیجتاً پاکستان کی قومی سلامتی کے حوالے سے معلومات پوری دنیا کے سامنے آشکار ہو کر رہ گئیں۔