Friday, April 19, 2024

تمام ممبران بیک وقت مستعفی ہوئے، صرف چند حلقوں سے استعفے منظور کرنا بدنیتی، شاہ محمود

تمام ممبران بیک وقت مستعفی ہوئے، صرف چند حلقوں سے استعفے منظور کرنا بدنیتی، شاہ محمود
August 8, 2022 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) - رہنماء پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے تمام ممبران بیک وقت مستعفی ہوئے، صرف چند حلقوں سے استعفے منظورکرنا بدنیتی ہے۔

سوموار کے روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نو کے نو حلقوں میں خود اتریں گے۔ مزید بولے بیٹی مہربانو کو الیکشن میں اتارنا کٹھن فیصلہ تھا، وہ پڑھی لکھی خاتون ہیں، وہ عمران خان کے بیانیے کو آگے لے کر چلیں گی۔ انہوں نے مہربانو کو علی موسی گیلانی کا مقابلہ کرنے کیلئے بہترین امیدوار قرار دے دیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عزا داری پر پابندی کی پر زور مذمت کرتا ہوں، حکومت پاکستان اور دفتر خارجہ سے درخواست کرتا ہوں کہ بھارتی سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا جائے۔ میں حیران ہوں ابھی تک بلاول کا فلسطین حملہ پر کوئی بیان نہیں آیا۔

اُنہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کہہ چکے ہیں کہ مہنگائی کنٹرول کرنے نہیں ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے آیا ہوں۔ مفتاح ایک قدم آگے اور دو قدم پیچھے جاتے ہیں، تاجروں پر بلاوجہ فکسڈ ٹیکس لگایا گیا۔