Friday, March 29, 2024

تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل اسلام آباد کا سندھ ہاؤس توجہ کا مرکز، ناراض اراکین کا ملنے سے انکار

تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل اسلام آباد کا سندھ ہاؤس توجہ کا مرکز، ناراض اراکین کا ملنے سے انکار
March 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل اسلام آباد کے سندھ ہاؤس پر سب کی نظریں لگ گئیں۔ مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے ناراض اراکین سندھ ہاؤس میں مقیم ہیں جنہوں نے حکومتی رابطوں کے باوجود ملنے سے انکار کر دیا۔

تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گئی۔ اسلام آباد کا سندھ ہاؤس سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے دعوی کیا ہے کہ مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے ناراض اراکین سندھ ہاؤس میں مقیم ہیں۔ حکومتی رابطوں کے باوجود  ناراض ارکان نے ملنے سے انکار کر دیا ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے ٹائیگر فورس حملے کے خدشے کے پیش نظر اسلام آباد پولیس سے اضافی سیکیورٹی مانگ لی ۔ سندھ ہاؤس کی حفاظت کے لیے سندھ پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے اور پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی نے  25 مارچ سے 28 مارچ تک سندھ ہاؤس میں رہائش کے لئے درخواست کی ہے۔ سندھ ہاؤس انتظامیہ نے پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی کو رہائش کے لیے تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔

 ادھر وزیراعظم عمران خان کو ممبران اسمبلی کی خرید و فروخت کی تمام تفصیلات پیش کردی گئیں ۔ سندھ پولیس کے اہلکاروں کی سندھ ہاؤس میں موجودگی پر بھی بریف کیا گیا ۔

وزیراعظم کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس میں سندھ ہائوس میں ہارس ٹریڈنگ کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام ہمارے ساتھ ہیں، عدم اعتماد کو ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم نے  وفاقی ایجنسیوں کو سندھ ہاؤس کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی ۔