Friday, April 19, 2024

تحریک عدم اعتماد میں اہم پیش رفت، اپوزیشن میں نئے انتخابات پر اتفاق رائے ہو گیا

تحریک عدم اعتماد میں اہم پیش رفت، اپوزیشن میں نئے انتخابات پر اتفاق رائے ہو گیا
March 3, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک عدم اعتماد میں اہم پیش رفت ہو گئی۔ اپوزیشن میں نئے انتخابات پر اتفاق رائے ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر فوری نئے انتخابات ہوں گے۔ نواز شریف نے معاملات طے ہونے پر مولانا کو تحریک عدم اعتماد پر گرین سگنل دے دیا۔ اپوزیشن کے تین بڑے رہنماؤں میں عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد فوری انتخابات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد کے معاملات پر ڈیڈ لاک کے باعث تحریک عدم اعتماد کا معاملہ سست روی کا شکار ہوگیا تھا۔ حکومت کی اتحادی جماعتوں نے اپوزیشن کو حمایت بدلے آئینی مدت پوری ہونے کا چارٹر آف ڈیمانڈ دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی حکومتی اتحادی جماعتوں کے موقف کی حامی تھی۔ جے یو آئی اور مسلم لیگ ن کی مسلسل کوششوں نے پیپلز پارٹی کو فوری انتخابات پر قائل کر لیا۔

ڈیڈلاک دور ہونے پر قائد ن لیگ نے آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کو عدم اعتماد پیش کرنے کا گرین سگنل دے دیا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد کا مسودہ بھی تیار کر لیا ہے جس پر 80 ارکان کے دستخط ہیں۔ مسودے پر مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جے یو آئی ف اور بی این پی مینگل کے ارکان کے دستخط موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی ریکوزیشن بھی تیار کر لی گئی ہے۔ رواں ہفتے کے دوران تحریک عدم اعتماد کا اعلان مولانا فضل الرحمن کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے اپنے تمام ارکان اسمبلی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا اور ان سے متبادل نمبرز بھی لے لیے۔ ارکان اسمبلی کو اسلام ِآباد کہاں پہنچنا ہے؟ کس کو کہاں رکھا جائے گا؟اس حوالے سے حکمت عملی بنا لی گئی۔