Friday, April 26, 2024

تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا آئینی استحقاق ہے، شاہ محمود قریشی

تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا آئینی استحقاق ہے، شاہ محمود قریشی
February 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا آئینی استحقاق ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا میں نے پی ڈی ایم کی طرف سے تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان سنا ہے۔ تحریک عدم اعتماد لانا ان کا آئینی استحقاق ہے اور اس کا مقابلہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔ اگر وہ تحریک لانا چاہتے ہیں تو بالکل لائیں ہم ان کا آئینی طریقے اور پارلیمانی انداز سے بھرپور مقابلہ کریں گے ۔ تحریک انصاف کے جتنے اراکین قومی اسمبلی ہیں اور جتنی ہماری حلیف جماعتیں ہیں ہم سب کا سیاسی و اخلاقی فرض بنتا ہے کہ سب مل کر اس تحریک کو شکست دیں۔ انہوں نے کہا 2018 کے انتخابات کے فوری بعد اپوزیشن نے اپنی کارروائیوں کا آغاز کر دیا تھا ۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان صاحب کو پہلی تقریر بھی جم کر نہیں کرنے دی۔ ان کے ارادے پہلے دن سے واضح دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے بارہا کوششیں کیں لیکن انہیں پے در پے ناکامیاں ہوئیں۔ میں پر امید ہوں کہ ان کی یہ کوشش بھی کامیاب نہیں ہو گی۔

 شاہ محمود قریشی بولے تحریک انصاف کے نشان پر کامیاب ہونے والے تمام ممبران قومی اسمبلی ڈٹ کر اپنے قائد اور کپتان کا دفاع کریں گے۔ ہمارے پاس ہر لحاظ سے دفاع کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اپوزیشن کے پاس اگر ووٹ مکمل ہوتے تو وہ حکومت میں ہوتے، کیونکہ ان کے پاس ووٹ پورے نہیں ہیں لہذا وہ دائیں بائیں دیکھیں گے۔