Wednesday, April 24, 2024

تحریک عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن کی کوششیں تیز، اپوزیشن کی حکومتی اتحادیوں اور آپس میں اہم ملاقاتیں

تحریک عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن کی کوششیں تیز، اپوزیشن کی حکومتی اتحادیوں اور آپس میں اہم ملاقاتیں
March 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن کی کوششیں تیز ہو گئیں۔ ایک دن میں اپوزیشن کی حکومتی اتحادیوں اور آپس میں اہم ملاقاتیں ہوئیں۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں اور حکومتی رویے پر بات چیت کی گئی۔ شہباز شریف اور فضل الرحمان ایم کیو ایم رہنماؤں سے بھی ملے۔ مولانا نے لانگ مارچ کی منسوخی کا امکان رد کر دیا، کہا آصف زرداری بھی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت قبول کر چکے ہیں۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ بھرپور ہو گا تاہم او آئی سی اجلاس میں آنے والے مہمانوں کے احترام میں فیصلہ کیا ہے کہ 25 مارچ کو قافلے اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمن نے بتایا کہ آصف زرداری نے خود چل کر بڑے پن کا مظاہر کیا اور ہماری دعوت سے پہلے لانگ مارچ میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

قبل ازیں مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے ملاقاتوں میں اہم امور پر مشاورت کی ۔