Tuesday, April 23, 2024

تحریک عدم اعتماد کسی بھی وقت جمع کرائے جانے کا امکان

تحریک عدم اعتماد کسی بھی وقت جمع کرائے جانے کا امکان
March 3, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - تحریک عدم اعتماد کسی بھی وقت جمع کرائے جانے کا امکان پیدا ہو گیا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر کو الرٹ کر دیا گیا۔

تحریک عدم اعتماد کے نکات 92 نیوز نے حاصل کر لئے۔ مسودے میں کہا گیا ہے کہ قائد ایوان اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ ملک اقتصادی زبوں حالی کا شکار ہے۔ معاشی بحرانوں سے نکالنے کا کوئی روڈ میپ نہیں۔ سیاسی عدم استحکام اور غیریقینی صورتحال ہے۔ خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن میں نئے انتخابات پر اتفاق رائے ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر فوری نئے انتخابات ہوں گے۔ نواز شریف نے معاملات طے ہونے پر مولانا کو تحریک عدم اعتماد پر گرین سگنل دے دیا۔ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد کا مسودہ بھی تیار کر لیا ہے جس پر 80 ارکان کے دستخط ہیں۔ مسودے پر مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جے یو آئی ف اور بی این پی مینگل کے ارکان کے دستخط موجود ہیں۔