Thursday, April 25, 2024

تحریک عدم اعتماد کا وقت آئیگا سب کو حقیقت معلوم ہوجائیگی، شہباز شریف

تحریک عدم اعتماد کا وقت آئیگا سب کو حقیقت معلوم ہوجائیگی، شہباز شریف
February 18, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن رہنماء شہباز شریف کہتے ہیں کہ تحریک عدم اعتماد کا وقت آئے گا سب کو حقیقت معلوم ہوجائے گی۔ 

جمعہ کے روز احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر شہباز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس میری وجہ ملتوی کیا گیا کیونکہ فرد جرم کی 18 تاریخ تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ کرپشن کا نعرہ زمین میں دفن ہو چکا، ہم نے عدالتوں اور صعوبت خانوں کا سامنا کیا، اب عمران خان کیخلاف ایف آئی آر کٹ چکی، عوام کی عدالت میں کیس چکے گا۔

قائدِحزبِ اختلاف نے کہا آج قوم مہنگائی میں پس چکی اور سب کی قوت خرید ختم ہو چکی، بچوں کے لئے دودھ، کسانوں کے لئے کھاد اور مریضوں کے ادویات ناپید ہو چکی ہیں۔ پٹرول 12 روپے سے زیادہ بڑھا دینا وہی کر سکتا ہے جس کے سینے میں دل نہ ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ بنی گالہ سے نکل کر غریبوں میں نکل کر عوام کی آواز سن کر دیکھو، ہمیں اب پارلیمان کے اندر اور باہر ہر قانونی حربہ استعمال کرنا ہو گا تاکہ اس سے جان چھڑوائی جا سکے۔

شہبازشریف نے کہا ان سے پہلے سے چلنے والے منصوبے نہیں چلائے جا رہے، یہ قوم کے ساتھ کھلواڑ اور ظلم کر رہے ہیں، اب یہ قوم زیادہ ظلم برداشت نہیں کر سکتی لاہور:ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور عمران خان کو پارلیمان سے باہر کرینگے۔

میڈیا سے بات چیت میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز بولے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھا شخص نااہل ہے، مافیا اور فاشسٹ ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سو سے زائد پیشیاں بھگت چکے، چوہا کیا چیونٹی بھی نہیں نکلی۔ پوری قوم چاہتی ہے اس جھوٹے کیس سے جان چھڑائی جائے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کے گھر جانے کا وقت قریب ہے۔