Monday, May 6, 2024

مرنے کے بعد بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو قبرسے نکال کر تختہ دار پر لٹکا دیں، شہباز شریف

مرنے کے بعد بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو قبرسے نکال کر تختہ دار پر لٹکا دیں، شہباز شریف
February 25, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مرنے کے بعد بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو قبرسے نکال کر تختہ دار پر لٹکا دیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما شہباز شریف نے ایک بار پھر حکومت کو نشانے پر رکھ لیا۔ بولے تحریک عدم اعتماد ہمارا حق ہے۔ جب صحیح وقت آیا تو لائیں گے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔ صاف پانی کیس میں بے گناہ لوگوں کو کئی کئی ماہ جیل میں رکھا۔ میرے خلاف بیان کیلئے لوگوں کو عہدوں کی آفر کی گئی۔ انہوں نے کہا حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی۔ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا حق ہے۔ عوام کی خواہش پر مناسب وقت پر حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتمادلائینگے۔

شہباز شریف نے کہا عمران نیازی کسی پر الزام لگانے سے قبل اپنے گریبان میں جھانکیں۔ حکومت میں کرپشن بڑھ گئی۔ اسکینڈل پر اسکینڈل سامنےآئے۔ صاف پانی میں مجھے دھوکے سے بلایا اور آشیانہ میں گرفتار کیا۔ وہ کئی کئی ماہ جیلوں میں رہے لیکن کچھ ثابت نہیں ہوا۔

ادھر احتساب عدالت میں شہباز شریف فیملی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف عدالت پہنچے اور حاضری مکمل کروائی۔ حمزہ شہباز طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے عدالت پیش نہ ہوئے۔ وکیل کی جانب سے انکی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی۔

کارکنوں کی بڑی تعداد پارٹی قائد سے اظہار یکجہتی کیلئےعدالت کے باہر پہنچی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔