Friday, September 20, 2024

تحریک انصاف سندھ کیخلاف کریک ڈاؤن، ایم پی اے ارسلان تاج گھر سے گرفتار

تحریک انصاف سندھ کیخلاف کریک ڈاؤن، ایم پی اے ارسلان تاج گھر سے گرفتار
March 12, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - تحریک انصاف سندھ کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے علی الصبح ایم پی اے ارسلان تاج کو گھر سے گرفتار کرلیا۔

پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکرٹری ارسلان تاج کوپولیس نے فجر کے وقت گھر سے گرفتار کیا۔ ارسلان تاج کے گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آگئی ہیں۔ فوٹیجز میں پولیس کی بھاری نفری ارسلان تاج کو لے جاتے ہوئے دیکھی جاسکتی ہے۔

پولیس نے پی ٹی آئی رہنماء راجہ اظہر کے گھر پر بھی چھاپہ مارا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔

ادھر ارسلان تاج کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صبح 6 بجے 20 سے 25 افراد نے بیٹے کو گرفتار کیا۔ الزام لگایا کہ گھر کا دروازہ زبردستی کھلوایا گیا، خواتین کا بھی خیال نہیں رکھا گیا۔

اس موقع پر سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمارے ساتھ مسلسل زیادتی ہورہی ہے،غداری والا سلوک کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ سندھ میں گلو بٹ راج کا آغاز ہوچکا ہے۔ ایم پی اے کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا گیا۔ میں تین تھانوں میں جا چکا ہوں، لیکن ارسلان تاج کہیں موجود نہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کیا ہمیں سوال کرنے کا بھی حق نہیں۔ لاقانونیت کب تک برداشت کرینگے۔