Friday, April 19, 2024

تحریک انصاف رہنماؤں نے شہبازگل پر مبینہ تشدد کیس میں پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا

تحریک انصاف رہنماؤں نے شہبازگل پر مبینہ تشدد کیس میں پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا
August 20, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شہبازگل پر مبینہ تشدد کیس میں پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا، فواد چودھری نے پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مبینہ تشدد کیس کی تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کردیا۔

پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری نے پولیس لائن میں شہبازگل پر تشدد کے حوالے سے بیان ریکارڈ کرادیا، راجہ خرم نواز، علی اعوان اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔

بیان ریکارڈ کرانے کے بعد پولیس لائن ہیڈکوارٹر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ بخشی خانہ میں شہباز گل نے بتایا کہ کس طرح تشدد اور ظلم کیا گیا، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اپنے مجسٹریٹ کے فیصلے کو دیکھے، تشدد کرنے کے باوجود ریمارنڈ دیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی معاملے پر ایک نئی تجویز پیش کر دی۔

علی نواز اعوان نے اس موقع پر کہا کہ عدالتی کارروائی کے دوران ہم نے شہباز گل کے جسم پر تشدد کے نشان دیکھے، ہم نے ثبوت آج پولیس کے حوالے کردیئے، ہمیں اُمید ہے پولیس حکومتی پریشر سے باہر نکلے گی۔

پی ٹی آئی رہنماء راجہ خرم کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے تشدد کیا ہمیں اُمید اس پر اِنکوائری ہوگی اورکارروائی کی رپورٹ پیر کو چیف جسٹس ہائیکورٹ کو پیش کی جائے گی۔