Monday, May 6, 2024

تحریک انصاف کا علی بلال کی موت کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ

تحریک انصاف کا علی بلال کی موت کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ
March 11, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - تحریک انصاف نے کارکن علی بلال کی موت کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ کردیا، چیف جسٹس کو درخواست دینے کا بھی اعلان کردیا۔

تحریک انصاف کے رہنماء چودھری پرویزالہٰی کا کہنا ہے جوڈیشل تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو پھانسی دی جائے، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں رانا ثناء اللہ جیسے لوگوں کو سزا ہوجاتی تو سانحہ زمان پارک نہ ہوتا۔

پی ٹی آئی رہنماء فوادچودھری نے شواہد کو ٹیمپر کرنے کا الزام عائد کردیا، بولے پولیس تشدد سے ہلاکت نہیں ہوئی تو پی ٹی آئی قیادت پر پرچے کیوں کٹوائے گئے؟ ان کے خلاف عدالت جائیں گے۔

فواد چودھری کا کہنا ہے علی بلال کے قتل کو کوراپ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔

فواد چودھری نے مزید کہا پریس کانفرنس کرنیوالوں کے چہرے بتا رہے ہیں قتل کس نے کیا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم شہادتیں بدلنے کا کام کررہے ہیں، اگر علی بلال کا قتل نہیں ہوا تو پرچے کس بات کے کاٹے گئے،

اعجاز چودھری نے کہا پوسٹ مارٹم رپورٹ میں علی بلال کے جسم پر 26 زخم ہیں، پھر بھی اگر یہ حادثہ تھا تو قتل کا پرچہ کیوں کاٹا؟

فرخ حبیب بولے عمران خان پر حملہ ہو یا ظل شاہ کی شہادت، سب پر کوراپ چل رہا ہے۔