Tuesday, May 7, 2024

تحریک انصاف نے دفعہ 144 کے نفاذ کو چیلنج کردیا

تحریک انصاف نے دفعہ 144 کے نفاذ کو چیلنج کردیا
March 12, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دفعہ 144 کے نفاذ کو چیلنج کردیا۔

بابر اعوان نے عمران خان کی ہدایت پر الیکشن کمیشن میں درخواست دے دی۔ مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی کی ریلی پر دفعہ 144 کا نفاذ غیر قانونی ہے، پنجاب حکومت پی ایس ایل میچ کو جواز بنا کر ریلی روکنے کی کوشش کررہی ہے، ریلی اور میچ کا روٹ مختلف ہے۔ انتخابی مہم تحریک انصاف کا حق ہے، دفعہ 144 کا نفاذ ختم کیا جائے۔

پی ٹی آئی کی رہنماء یاسمین راشد نے بھی چیف الیکشن کمشنر کو درخواست جمع کرا دی۔

وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا انتخابات کا اعلان ہوچکا تو ریلی پر پابندی لگانا بلاجواز ہے۔ مریم نواز الیکشن کے لئے جلسے کررہی ہیں لیکن پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جارہی ہے۔ مریم نواز کو ہر چیز کی اجازت اور ہمیں قانونی، آئینی حق سے روکا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محسن نقوی کہہ دیں کہ وہ پی ڈی ایم کے وزیراعلیٰ ہیں، حکومت الیکشن سے فرار ہونے کے لئے لاشیں گرانا چاہے گی۔ ہمارے کارکن ہر صورت پر امن رہیں، قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، کارکن دو بجے سے پہلے زمان پارک پہنچیں۔