Thursday, April 25, 2024

تحریک انصاف نے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی

تحریک انصاف نے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی
September 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک انصاف نے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کا عمل سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کا معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے اسد عمر نے ایڈووکیٹ فیصل چودھری کے ذریعے درخواست دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی مرحلہ استعفوں کی منظوری طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے جسے غیرقانونی اور غیر آئینی قرار دیا جائے۔

دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفی دے چکے ہیں۔ سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اسمبلی فلور پر تحریک انصاف کے 125 ارکان استعفی منظوری کا اعلان کیا۔ تحریک انصاف نے عوام سے تازہ مینڈیٹ لینے کیلئے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔