Friday, April 26, 2024

تحریک انصاف کی قومی اسمبلی کے نو حلقوں میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کی استدعا مسترد

تحریک انصاف کی قومی اسمبلی کے نو حلقوں میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کی استدعا مسترد
August 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک انصاف کی قومی اسمبلی کے نو حلقوں میں ضمنی الیکشن کا شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد ہو گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات شیڈول معطل کرنے کے کیس کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کی ۔ جسٹس عامر فاروق نے وکیل پی ٹی آئی سے استفسار کیا کہ آپ الیکشن روکنے کی استدعا کر رہے ہیں۔ ضمنی انتخابات روکنے کی کوئی قانونی وجہ بتا دیں۔ عدالت نے  پی ٹی آئی کی ضمنی الیکشن شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔ کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔

دوسری جانب  قومی اسمبلی کے 9 حلقوں کے لئے آج سے 13 اگست تک کاغذات نامزدگی وصول کیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 14 اگست کو جاری ہو گی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال17 اگست تک جاری رہے گی۔ امیدواروں کی انتخابی نشانات کے ساتھ فہرست 29 اگست کو جاری ہو گی۔ 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ 25 ستمبر کو ہو گی۔

این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور ،این اے 45 کرم ایجنسی ،این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ، این اے 237 ملیر، این اے 239 کراچی، این اے 246 کراچی میں پولنگ ہو گی۔ تحریک انصاف کے ممبران کے استعفوں کیوجہ سے قومی اسمبلی کی یہ نششتیں خالی ہوئی تھیں۔