Monday, May 6, 2024

تحریک انصاف نے لاہور میں الیکشن ریلی کل تک ملتوی کردی

تحریک انصاف نے لاہور میں الیکشن ریلی کل تک ملتوی کردی
March 12, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لاہور میں الیکشن ریلی کل تک ملتوی کردی۔

کینال روڈ سے پولیس، واٹر کینن، پرزن وینز واپس چلی گئیں۔ علاقے سے کینٹینرز اور آنسو گیس کا سامان بھی ہٹا دیا گیا۔ پنجاب کی نگراں حکومت نے ریلی کے اعلان کے بعد شہر میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کی۔

تحریک انصاف کے کارکن بڑی تعداد میں ریلی میں شرکت کیلئے زمان پارک پہنچے، پولیس نے کینال روڈ، دھرم پورہ، زمان پارک کے اطراف راستے جزوی بند کیے۔ رینجرز کو بھی طلب کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹویٹ پیغام میں کہا ایسا لگتا ہے کہ دفعہ 144 غیر قانونی طور پر صرف اور صرف پی ٹی آئی کی انتخابی مہم پر لگائی گئی ہے کیونکہ لاہور میں دیگر تمام عوامی سرگرمیاں جاری ہیں۔ صرف زمان پارک کو کنٹینرز اور پولیس کی بھاری نفری نے گھیر لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واضح طور پر، 8 مارچ کی طرح، نگران حکومت اور پولیس تصادم کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے خلاف مزید جعلی ایف آئی آر درج کرنے اور انتخابات ملتوی کرنے کے بہانے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے تو پولنگ سرگرمیوں پر دفعہ 144 کیسے لگائی جا سکتی ہے؟ میں تمام کارکنان سے درخواست کرتا ہوں اس جال میں نہ پھنسیں۔ اس لیے ہم نے ریلی کل تک ملتوی کردی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء حماد اظہر نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ابھی عمران خان سے بات ہوئی، ہم مزید خون خرابہ نہیں چاہتے، نہ ہی دوبارہ لاشیں گرانا چاہتے ہیں، ارباب اختیار شہر کے راستے کھول دیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کررہے ہیں، کارکن انتظار کریں قانون ہاتھ میں نہیں لینا۔ اگلی تاریخ کا اعلان کل کے لیے بھی ہوسکتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کل ویڈیولنک خطاب میں آج لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

نگران حکومت نے ریلی کے اعلان کے بعد شہر میں دفعہ 144 نافذ کی تھی، پی ایل ایس میچ اور جشنِ بہاراں فیسٹیول کو جواز بنایا گیا تھا۔