Friday, April 26, 2024

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز نے پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کرلیے

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز نے پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کرلیے
January 24, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کرلیے۔ قومی اسمبلی میں اب پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے صرف منحرف ارکان ہی باقی رہ گئے۔

تحریک انصاف کو ایک اور جھٹکا، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کرلیے۔

استعفے اسپیکر قومی اسمبلی نے چند دن قبل منظوری کے لیے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے، اسپیکر نے استعفے منظوری کی سمری الیکشن کمیشن کو بھجوا دی ہے جو الیکشن کمیشن کو موصول بھی ہوگئی ہے۔ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اب صرف منحرف ارکان ہی باقی رہ گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کی چالیس فیصد نشستیں خالی ہو گئیں، اسپیکر قومی اسمبلی نے 20 جنوری کو بھی پی ٹی آئی کے 35 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے۔

دو ارکان کے استعفے چھٹی کی درخواست کی وجہ سے منظور نہیں کیے گئے۔ 43 استعفوں کی منظوری کے بعد مجموعی طور پاکستان تحریک انصاف کے 122 اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 123 ارکان کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔