اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف کو 35 شرائط پر اسلام آباد میں پُرامن احتجاج کی اجازت مل گئی۔ انتظامیہ اور پی ٹی آئی کے درمیان معاہدہ طے پایا۔
پی ٹی آئی کو اجازت علی نواز اعوان کی درخواست پر دی گئی، معاہدے کے مطابق ریلی کورال سے روات تک نکالی جائے گی، ریڈ زون میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مقررین کسی شخصیت یا ادارے کے خلاف نفرت انگیز گفتگو نہیں کریں گے، منتظمین شرکاء کی چیکنگ اور اندرونی سکیورٹی کے ذمہ دار ہوں گے۔
شرائط کے مطابق کوئی بھی سڑک کسی طرح سے بلاک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سرکاری اور نجی املاک کو ہرگز نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
ریلی میں ہتھیار، اسلحہ اور ڈنڈے وغیرہ لانے پر کارروائی ہوگی۔ ریلی کے لئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس باقاعدہ ٹریفک پلان جاری کرے گی۔ ریاست، مذہب، نظریہ پاکستان کے مخالف نعروں اور تقریروں کی اجازت نہیں ہوگی۔