Saturday, April 27, 2024

تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری، فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں جمع

تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری، فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں جمع
September 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے معاملے پر پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلہ کیخلاف درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ اسد عمر نے وکیل فیصل چوہدری کے توسط سے درخواست دائر کی۔

دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ حقائق کے منافی ہے۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی استعفی دے چکے ہیں۔ سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اسمبلی فلور پر تحریک انصاف کے 125 ارکان استعفی منظوری کا اعلان کیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی مرحلہ وار استعفوں کی منظوری طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت عالیہ کا 6 ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کو کل سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ دائر درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔