Saturday, July 2, 2022

تحریک انصاف کے 35 ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، رانا تنویر حسین

تحریک انصاف کے 35 ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، رانا تنویر حسین
February 16, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین کا کہنا ہے تحریک انصاف کے 35 ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

رانا تنویر حسین نے پی ٹی آئی کے اراکان اسمبلی کے ن لیگ کے ساتھ رابطے میں ہونے کی تصدیق کر دی۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کے 35 ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ۔ تحریک انصاف کے اراکان اسمبلی ہمیں کہتے ہیں کہ ہماری ان سے جان چھڑائیں۔

 انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن)تحریک عدم اعتماد میں کامیابی کی صورت میں حکومت کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ ہماری ترجیح حکومت نہیں بلکہ فوری اور صاف شفاف انتخابات ہیں۔ نئے انتخابات کی صورت میں برسراقتدار آنے والے سیاسی جماعت اپنی قومی پالیسی دے۔ پنجاب کی بجائے مرکزی حکومت کیخلاف تحریک اعتماد بارے سوچ رہے ہیں۔

قبل ازیں رانا تنویر حسین نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا مارچ سے پہلے حکومت گھر چلی جائے گی۔ اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خاتمے کے لیے ایک پیج پر ہیں۔ حکومت کو برداشت کرنے کی اب عوام میں طاقت نہیں رہی۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناتجربہ کاری سے ملک میں مہنگائی ہے۔ پیپلزپارٹی کی طرف سے لانگ مارچ میں شمولیت کی دعوت نہیں ملی۔ پیپلزپارٹی اکیلے بھی لانگ مارچ کرتی ہے تو حکومت پر اس کا اثر ہو گا۔