Thursday, March 28, 2024

گھوٹکی سے شروع ہونیوالا تحریک انصاف کا حقوق سندھ مارچ رواں دواں

گھوٹکی سے شروع ہونیوالا تحریک انصاف کا حقوق سندھ مارچ رواں دواں
February 26, 2022 ویب ڈیسک

میر پور ماتھیلو (92 نیوز) گھوٹکی سے شروع ہونیوالا تحریک انصاف کا حقوق سندھ مارچ رواں دواں ہے۔

شاہ محمود قریشی، علی زیدی سمیت دیگر کنٹینر پر سوار ہیں۔ کنٹینر سے گر کر پارٹی رہنماء میر افتخار شدید زخمی ہوگئے، سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔ بڑا قافلہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کی جانب رواں دواں ہے، جگہ جگہ استقبالیہ کیمپوں پر شرکا نے والہانہ استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

اس سے پہلے گھوٹکی سے سندھ حقوق مارچ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ دولہا بھی تیارہوکر گھوٹکی پہنچا۔ سرپرٹوپی سجائی، گلےمیں نوٹوں کے ہارے پہنے، سندھ حقوق کا پلے کارڈ اٹھایا۔ ایک معذور شخص بھی اپنی مخصوص موٹرسائیکل لیکر گھوٹکی پہنچا۔

گھوٹکی میں مارچ کے آغاز پر شرکا سے خطاب میں شاہ محمود قریشی بولے سندھ کے لوگ 15 سال سے پس رہے ہیں، اب اپنے حقوق لینے کیلئے تبدیلی کے سفر پر نکل گئے ہیں، عمران خان کا منشور پورے سندھ میں پہنچائیں گے۔

وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام ناکام صوبائی حکومت سے تنگ آگئے ہیں، بلاول زرداری عوام کے حقوق کا حساب دیں۔

اوباڑو میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا کہ سندھ میں تبدیلی کا آغاز ہو چکا ہے، انشاءاللہ ہماری منزل 2023 میں صوبے میں تحریک انصاف کا جھنڈا گاڑنا ہے، ہماراقافلہ ستائیس اضلاع سے ہوتا ہوا کراچی پہنچے گا۔

اُدھر اسلام آباد میں وفاقی وزیر اسدعمر نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی کو للکار لیا، کہا زرداری صاحب سن لو، سندھ میں بھی عدم اعتماد آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل پھر لانگ مارچ کی باتیں چل رہی ہیں، سردیوں میں پہلے  نزلہ ہوتا تھا اب لانگ مارچ ہے۔ سردی ہوتے ہی پی ڈی ایم کی بیماری شروع ہوجاتی ہے، سردیاں ختم ہوتے ہی پی ڈی ایم کی بیماری ختم ہوجاتی ہے۔

اسدعمر بولے کہ عمران خان کے ہوتے ملک کے مفاد کو نقصان نہیں پہنچایا جاسکتا، ایبسولوٹلی ناٹ کے باوجود امریکا نے اسٹریٹجک پارٹنر قرار دیا۔ کسی سے دشمنی چاہتے ہیں نہ ہی سرجھکانے کو تیار ہیں، عزت کے ساتھ ہر ملک کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔

اسپیکر سد قیصر بولے اپوزیشن شوق پورا کرلے، پی ٹی آئی ارکان بکاؤ مال نہیں، پرویز خٹک کا اپوزیشن کے سات ارکان کے رابطے میں ہونے کا دعویٰ ٰ کردیا۔

نوشہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز خٹک بولے اپوزیشن جو چاہے کرلے تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہو گی، وقت آنے پر اپوزیشن کو کیسے توڑوں گا سب دیکھ لیں گے، اپوزیشن کا ٹولہ بہت جلد بکھر جائے گا۔

صوبائی اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ بولے آج پیپلزپارٹی کو بےنقاب کرنے کا آغاز ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے آگے آگے دیکھیے ہو تا ہے۔ مزید کہا کہ ہم پر امن لوگ ہیں پیپلز پارٹی نے کوئی گڑ بڑ کی تو اچھا نہیں ہو گا۔