Saturday, May 18, 2024

تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا
July 23, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

چودھری پرویز الٰہی کے وکیل عامر سعید راں ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے پرویز الٰہی نے 186 ووٹ حاصل کئے۔ ڈپٹی اسپیکر نے غیر قانونی اور غیر آئینی طور پر رولنگ  دے کر دس ووٹ مسترد کردیئے۔ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ آئین کے آرٹیکل 63 اے کی بھی خلاف ورزی ہے۔ عدالت ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ووٹ کاؤنٹ پر رولنگ کالعدم قرار دے۔

ادھر راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت ارکان کو ووٹ دینے سے روکنے کے حقدار نہیں۔ ڈپٹی اسپیکر کو ووٹ مسترد کرنے کا اختیار ہی نہیں۔ ڈپٹی اسپیکر بولے رولنگ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں دی، اس سے  پہلے چودھری شجاعت سے تین مرتبہ اُن کے خط کی تصدیق کی۔

واضح رہے کہ حمزہ شہباز تین ووٹوں کی اکثریت سے دوبارہ وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئے تھے ۔ ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے چودھری شجاعت کے خط کی بنیاد پر مسلم لیگ کے ڈالے گئے دس ووٹ مسترد کردیئے تھے ۔ حمزہ شہباز کو ایک سو اناسی ووٹ ملے ، پرویز الہی کو تحریک انصاف ارکان کے ڈالے گئے ایک سو چھیتر ووٹ ملے۔