Friday, May 3, 2024

کراچی : نویں جماعت کی تین طالبات لاپتہ‘ شک پر 3 طالبعلم گرفتار

کراچی : نویں جماعت کی تین طالبات لاپتہ‘ شک پر 3 طالبعلم گرفتار
October 15, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں ملیر سعود آباد سے لاپتہ ہونے والی تین طالبات کا سراغ نہیں لگایا جا سکا تاہم کیس میں نامزد تین نوعمر لڑکوں کی گرفتاری میں نیا موڑ آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ملیر سعودآباد سے لاپتہ ہونے والی اسکول کی تین طالبات کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ البتہ کیس میں نامزد تین نوعمر لڑکوں کی گرفتاری میں نیا موڑ آگیا ہے۔ پولیس کے مطابق نوعمر لڑکوں کو طالبات کے والدین کی شکایت پر گرفتار کیا گیا تھا لیکن اب والدین نے یہ بات تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سکول انتظامیہ کے مطابق طالبات گزشتہ روز سے اسکول سے غیرحاضر تھیں۔ گرفتار ہونے والا بارہ سالہ علی، سولہ سالہ سمیع حسین اور سولہ سالہ مدثر طالبات سے رابطے میں تھے۔ سمیع حسین کا کہنا ہے کہ ایک لڑکی نے اسے میسج میں بتایا تھا کہ وہ بیس تاریخ کو چلی جائے گی۔ میسج سے لڑکی کے والدین کو آگاہ کیا تھا۔ سمیع کے والد کا کہنا ہے کہ بچوں کو بلاجواز گرفتار کروایا گیا ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق شبہ ہے کہ تینوں لڑکیاں اپنی مرضی سے گئی ہیں، حقائق جلد سامنے لائیں گے۔