Tuesday, April 16, 2024

کوئٹہ : دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 ایف سی اہلکار جاں بحق

کوئٹہ : دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 ایف سی اہلکار جاں بحق
October 14, 2016
کوئٹہ (92نیوز) کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے تین ایف سی اہلکاروں کو شہید کر دیا۔ سرچ آپریشن کے دوران کئی مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر ایف سی اہلکار معمول کے مطابق پیدل گشت کر رہے تھے۔ اچانک موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی اور خود فرار ہو گئے جس کے نتیجے میں دو ایف سی اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک اہلکار بی ایم سی ہسپتال منتقلی کے دوران موت کی آغوش میں چلا گیا۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کئے جبکہ سبزل روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر کے کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر اعلی بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی جبکہ آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے بھی ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔