Friday, May 3, 2024

تھر فلڈ ریلیف جیپ ریلی صاحبزادہ سلطان نے جیت لی

تھر فلڈ ریلیف جیپ ریلی صاحبزادہ سلطان نے جیت لی
January 8, 2023 ویب ڈیسک

تھر (92 نیوز) - تھرپارکر میں جاری تھر فلڈ ریلیف جیپ ریلی صاحبزادہ سلطان نے جیت لی۔ فیسٹیول میں میراتھون، اونٹ کی دوڑ، گھڑسواری اور ملاکھڑے کے کھیل بھی پیش کیے گئے۔

تھر کا بیابان ریگستان ایک بارپھر ہوا آباد، خاموش صحرا ہیوی گاڑیوں کی گڑگڑاہت سے گونج اٹھا۔ اونٹوں کے رقص، گھڑ سواری اور ملاکھڑے نے بھی خوب رونق بخشی۔ جیپ ریلی دیکھنے کیلئے لوگو ں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔

تین دن تک صحراؤں میں ہیوی گاڑیوں کا شور اختتام پذیر ہوگیا۔ جیپ ریلی کا مقابلہ صاحبزادہ سلطان نے اپنے نام کرلیا۔ شیرازقریشی دوسرے جبکہ شہریار خان تیسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کے مقابلے میں ماہم شیراز فاتح ٹھہریں۔

صوبائی وزیر مکیش چاولہ، معاون خصوصی ارباب لطف اللہ اور مہیش ملانی نے فاتح ریسر میں انعامات تقسیم کیے۔ جیپ مقابلوں میں چھ کیٹگری کی گاڑیوں نے حصہ لیا۔ صحرا میں جیپوں کی دوڑ کیلئے 108 کلومیٹر کا راستہ تیار کیا گیا تھا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جیپ ریلی جیسے کھیل خاص طور پرتھر میں ہر سال ہونے چاہئے جس سے نہ صرف تھری باسیوں کو سستی تفریح میسر آتی ہے بلکہ ان کا روزگار بھی چل پڑتا ہے۔