Friday, April 19, 2024

اے پی سی سے قبل کشمیری شہدا کے اہلخانہ کی پاکستانی سیاسی رہنماوں سے چند گزارشات

اے پی سی سے قبل کشمیری شہدا کے اہلخانہ کی پاکستانی سیاسی رہنماوں سے چند گزارشات
October 2, 2016
اسلام آباد(92نیوز)قوم کی نظریں قومی رہنماؤں پر لگی ہوئی ہیں کہ وہ ملی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے  ہوئے  پاکستان کے ازلی دشمن کو کل  کیا بڑا پیغام دیں گے کشمیر کے ہزاروں شہدا کے اہل خانہ اور پیلٹ گنز سےچھلنی جسم بھی انصاف طلب ہیں۔ تفصیلات کےمطابق کبھی مودی سرکار کی پاکستان کا پانی بند کرنے کی کھوکھلی دھمکیاں تو کبھی سرجیکل اسٹرئیک کی گیدڑ بھبکیاں بھارت کی اس جارحیت کا جواب دینے کے لئے وزیراعظم نے بلا لیا پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں کا اجلاس۔ وزیراعظم صاحب آپ نے بہت  اچھا کیا  بھارت کو  ایک قوم کا ایک  ہی پیغام  جانا چاہئے  ۔ اتنا زوردار اور صاف پیغام کہ مودی پاکستان اور کشمیریوں پر میلی آنکھ ڈالنے کا سو چے بھی نہ  وزیراعظم صاحب جب آپ کانفرنس میں شرکت کے لئے  جانے لگیں   تو ذہن میں اس مٹی اورقوم کے لئے اپنا خون بہانے والے سپاہی نائیک امتیاز احمد شہید اور حوالدار جمعہ خان کی قربانیوں کو یاد رکھیے گا جنہوں نے اس دھرتی کی حفاظت کے لئے اپنی جان  قربان کردی لیکن  دشمن کے ناپاک  قدم کو  اس پاک دھرتی  پر نہ  پڑنے دیا ۔ بلاول  بھٹو  صاحب آپ  بھی  بڑی  جماعت کے سربراہ ہیں  آپ  جائیں  تو آپ کے سامنے  مقبوضہ کشمیر کے وہ   بچے ، بڑے ، اور مائیں بہنیں ضرور ہونی  چاہیں  جنہیں  ظالم بھارتی  فو جیوں نے  پیلٹ   گنز  اندھا کر دیا ۔  شاہ محمود  قریشی صاحب   آپ کانفرنس میں کپتان کی نمائندگی کریں گے ۔ کانفرنس میں بات کرتے ہوئے ان شہیدوں کو ضرور  یاد  کیجئے  گا جنہوں نے مقبوضہ  کشمیر کی  آزادی کے لئے  اپنے  آج کو  قوم کے کل پر قربان کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار  صاحب  آپ سے زیادہ  کراچی کو کون جانتا   ہے  آپ کو کراچی کے دشمنوں کا خوب  پتہ ہے   را نے  شہر قائد کو  جو  نقصان  پہنچایا   اس پر آپ کو  بھی بلند  آہنگ ہونا  ہے۔ مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق صاحب آپ  بھی  جب  جائیں تو اسلام  اور  نظریہ پاکستان کے دشمنوں  کو نہ  بھولئے گا ۔  محمود خان ا چکزئی اور اخترمینگل صاحب  ، بھارت افغانستان کو استعمال کرتے ہوئے بلوچستان میں اپنی ناپاک سازشیں کس طرح رچا رہا ہے۔ضرور یاد رکھئے گا ۔ اسفند  یار  ولی صاحب  آپ سے بھی درخواست ہے کہ خیبر پختونخوا  کی مٹی کو خون سے لال کرنے والے ان   دہشت  گردوں کو ضرور سامنے رکھئے گا جو دشمن کے ایجنڈے پر  آگ اور خون کا کھیل  کھیلتے رہے  ہیں۔ سیاست اپنی جگہ  سیاست چلتی رہتی ہے ۔ لیکن آج پوری قوم کی نظریں آپ پر ہیں ۔ پاکستان سے محبت میں روز ماریں کھانے والی کشمیری مائیں آپ کی طرف دیکھ رہی ہیں ۔ برہان  وانی  سمیت  ہزاروں کشمیریوں  کے  خاندان  اورلاکھوں زخمیوں کی  آنکھیں  پاکستانی   رہنماؤں  پر  لگی ہوئی ہیں کہ  وہ  ان کا مقدمہ   کیسے  پیش کرتے  ہیں ۔ اس پاک دھرتی کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے پاک افواج کے بہادر بھی آپ سے سننا چاہتے ہیں کہ سیاست نہیں ، پاکستان پہلے ۔  پاکستان کےتمام  سیاسی  قائدین  کے لئے پیر کا دن نہایت اہم ہے ا س روز آپ سب کو  بھارت کے خلاف ایک ہونا ہے ہم آواز  اور یک زبان ہونا  ہے  کیونکہ  پاکستان  ہے  تو ہم  ہیں اور ہمارا  اتحاد  ہی  پاکستان کی  بقا  اور پاکستان کی  طاقت ہے ۔