Friday, April 26, 2024

چور لڑتے ہیں تو ایک دوسرے کے راز کھولتے ہیں : اپوزیشن لیڈر

چور لڑتے ہیں تو ایک دوسرے کے راز کھولتے ہیں : اپوزیشن لیڈر
October 22, 2016
سکھر (92نیوز) گورنر سندھ اور مصطفی کمال کے درمیان الزامات کی گرما گرمی کے بعد خورشید شاہ بھی پھٹ پڑے۔ الزامات اور الفاظ کی اس جنگ میں کراچی اور بارہ مئی کے انکشافات پر خورشید شاہ بولے چوری چور کرتے ہیں‘ لڑ پڑتے ہیں تو راز کھولتے ہیں۔ کراچی میں اسلحہ کیسے آیا‘ بارہ مئی اور ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات کی بھی تحقیقات ہو نی چاہئیں۔ تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ بھی انکشافات کی تحقیقات کا مطالبہ لے کر میدان میں کود پڑے۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید نے ایم کیوایم کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا لندن کی پارٹی کو پھر کیوں لایا جا رہا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کراچی سے برآمد اسلحے کی بھی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ تحقیقات ہوں تو بہتر ہے۔ ملک دشمن عناصر سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ خورشید شاہ نے تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے کہا اپنے حق کے لیے سڑکوں پر نکلنا اور احتجاج یا دھرنے کرنا شہریوں کا آئینی حق ہے لیکن کسی شہر کو بند کر دینا غیرآئینی اقدام ہے اور وہ اس کے حق میں نہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان کو سیاست کرنا نہیں آتی۔ شہر بند کرنے جیسے اقدامات ریاست کے لیے خطرہ ہیں لیکن نواز شریف کو بھی حکومت کرنے کا ڈھنگ نہیں۔ اسلام آباد کی بندش کو روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے ممکنہ گرفتاریوں سے متعلق سوال پر خورشید شاہ نے کہا اس بارے میں ان کی پارٹی کا ردعمل کیا ہوگا یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے کیونکہ دیکھنا یہ ہوگا کہ گرفتاریاں کس صورت میں ہو رہی ہیں۔