Thursday, March 28, 2024

ہرنائی : دہشت گردوں نے پہاڑی پر نصب موبائل فون ٹاور بم سے اڑا دیا

ہرنائی : دہشت گردوں نے پہاڑی پر نصب موبائل فون ٹاور بم سے اڑا دیا
October 22, 2016
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان میں سماج دشمن عناصر نے ایک مرتبہ پھرسر اٹھانا شروع کر دیا۔ ہرنائی میں دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد نصب کر کے فون ٹاور کو تباہ کر دیا جس سے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس معطل ہو گئی۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے ہرنائی کے علاقہ گچینہ میں دھماکہ خیز مواد نصب کرکے موبائل فون کا ایک ٹاور تباہ کر دیا۔ ٹاور تباہ ہونے کے باعث علاقے میں نجی موبائل فون کمپنی کی سروس معطل ہو گئی اور صارفین کا ٹیلی فون رابطہ منقطع ہو گیا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کو پکڑنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ گزشتہ روز بھی بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بارودی مواد نصب کرکے بجلی کے دو کھمبوں کو تباہ کر دیا گیا تھا جس کے باعث تحصیل تمبو کے سیکڑوں گھر بجلی کی سہولت سے محروم ہو گئے تھے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق علاقے میں بجلی کی بحالی کے لیے کام ابھی تک جاری ہے جبکہ لیویز ذرائع کا کہنا کہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔