Thursday, April 25, 2024

تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں اپنا ریکارڈ دے دیا ہے، فرخ حبیب

تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں اپنا ریکارڈ دے دیا ہے، فرخ حبیب
February 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب کا کہنا ہے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں اپنا ریکارڈ دے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا آج ہم نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ فارن فنڈنگ کے حوالے سے سکروٹنی کمیٹی کو فعال نہیں کیا گیا۔ ایک ممبر کے ریٹائرڈ ہونے کی وجہ سے سکروٹنی کمیٹی غیر فعال ہے۔ 64 کروڑ کی ن لیگ اور 35 کروڑ کا پیپلز پارٹی حساب نہیں دے سکی۔ ن لیگ کے 9 اور پیپلز پارٹی کے 12 خفیہ اکاؤنٹس سامنے آئے ہیں۔ ہم باقاعدگی کے ساتھ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو رہے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی جانچ ہونی چاہیے۔

فرخ حبیب بولے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی بات کی جاتی ہے۔ بلاول اور مریم اپنے پارٹی اکاؤنٹس کا حساب دیں۔ یو کے میں پارٹی کو لمیٹڈ کمپنیاں بنانے والے اور مارگ سیگل کو ادائیگی کرنے والے جواب دیں۔ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ کسی طریقے سے قانون کی بالادستی کے سامنے رکاوٹ کھڑی کریں۔ یہ وطیرہ چھوڑنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا ایک طرف 22 سال کی جدوجہد ہے تو دوسری طرف کرپشن ہے۔ ایک دوسرے کو سلیکٹڈ کہتے ہیں اور سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں کرنے والے اپنی چوریاں چھپانے کے لئے اکٹھے ہو جاتے ہیں۔

 رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب بولے عمران خان پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا صحت اصلاحات پروگرام لیکر آئے ہیں۔ آج فیصل ڈویژن کے 32 لاکھ خاندانوں کے لئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء ہونے جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے، ہماری استدعا ہے کہ جلد فیصلہ کیا جائے۔