Saturday, April 27, 2024

تحریک انصاف کو کسی خاندان کی نہیں ہمیشہ چلنے والی پارٹی بنانا چاہتا ہوں، عمران خان

تحریک انصاف کو کسی خاندان کی نہیں ہمیشہ چلنے والی پارٹی بنانا چاہتا ہوں، عمران خان
May 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا تحریک انصاف کو کسی خاندان کی نہیں ہمیشہ چلنے والی پارٹی بنانا چاہتا ہوں، چاہتا ہوں پارٹی میں میرٹ کو ترجیح دی جائے۔

تحریک انصاف نے رابطہ ایپ لانچ کردی، عمران خان نے تحریک انصاف کی ممبر شپ کیلئے ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ ایپ لانچ کرنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، چاہتا ہوں پی ٹی آئی رابطہ ایپ پر تمام نوجوان ممبر بنیں، ہم ماڈرن ٹیکنالوجی سے بہت زیادہ فائدہ اُٹھانا چاہتے ہیں۔ بس ایک ڈیٹا ہمارے پاس آجائے، ہم اسے ٹکٹ دیں گے جس کو ہمارے ممبرز چاہیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے ساری دنیا سے لوگ تحریک انصاف کے ممبرز بنیں تاکہ ہم پی ٹی آئی کو وہ جماعت بنا سکیں جس کا خواب 26 سال پہلے دیکھا تھا۔ پاکستان میں موجود لوگ ہی نہیں اوورسیزپاکستانی بھی پی ٹی آئی رابطہ ایپ کے ذریعے ممبر بن سکتے ہیں، کوشش کی جارہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے 2018ء کے الیکشن میں کئی جگہ غلط ٹکٹ دے کر پارٹی کا نقصان کرایا، تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس میں دو دفعہ الیکشن کرائے گئے۔ اس دفعہ ہم ٹکٹ دینے سے پہلے اپنے ممبرز سے رائے لیں گے۔ چین اسی وجہ سے آگے بڑھا کیونکہ وہاں میرٹ کا سسٹم ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان میں موروثی سیاست چل رہی ہے، باپ وزیراعظم، بیٹا وزیراعلیٰ بن گیا۔ کوشش ہے اوورسیزپاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دیا جائے حالانکہ ملک چل ہی ان کے پیسے سے رہا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینا بہت بڑا ظلم ہوگا۔