Friday, April 19, 2024

تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے مبینہ خط پر پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس کی تجویز مسترد کر دی

تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے مبینہ خط پر پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس کی تجویز مسترد کر دی
April 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے مبینہ خط پر پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس کی تجویز مسترد کر دی۔

فرخ حبیب نے میڈیا ٹاک میں مبینہ سازش کی تحقیقات کے لیے آزاد کمیشن کا مطالبہ کر دیا، بولے  پی ٹی آئی نے عوام میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک میں فوری انتخابات ناگزیر ہو گئے ہیں۔ عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ بیرونی سازش کے تحت رجیم چینج کیا گیا۔ ایک امپورٹیڈ حکومت نافذ کی گئی۔ یہ بیرون ملک کی پراکسی حکومت ہے جو پاکستان میں نافذ کی گئی ہے۔ اس کے خلاف اتوار کے روز پاکستان بھر سے بڑی تعداد میں لوگ باہر نکلے اور اس امپورٹیڈ حکومت کو مسترد کر دیا۔

 فرخ حبیب نے کہا کل وزیراعظم کو اپنی پہلی تقریر میں مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں آنے والے اربوں روپے کا بتانا چاہئے تھا۔ امپورٹیڈ وزیراعظم نے حلف اٹھانے سے پہلے ہی ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر کو جبری فارغ کر دیا۔ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کو بھی جبری تبدیل کر دیا۔ یہ کل کس منہ سے مراسلے پر ان کیمرہ بریفنگ کی بات کر رہے تھے۔ ہم نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آپ کو بھی دعوت دی تھی لیکن آپ دم دبا کر بھاگ گئے تھے۔

فرخ حبیب بولے الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا ہے۔ وزیراعظم کل پشاور میں ہونے والے جلسے میں شرکت کریں گے اور عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔ 16 اپریل کو کراچی میں میدان سجے گا۔ 23 اپریل بروز ہفتہ کو مینار پاکستان لاہور کے سائے تلے تمام پاکستانی جمع ہوں گے۔ ہم پاکستان میں کسی بھی صورت کسی کرائم منسٹر کو کام نہیں کرنے دیں گے۔