Tuesday, April 23, 2024

تحریک انصاف کے قافلوں کی اسلام آباد روانگی، کہیں گرفتاریاں اور کہیں رکاوٹیں ہٹانے کے جتن

تحریک انصاف کے قافلوں کی اسلام آباد روانگی، کہیں گرفتاریاں اور کہیں رکاوٹیں ہٹانے کے جتن
May 25, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب بھر سے تحریک انصاف کے قافلوں کی اسلام آباد روانگی شروع ہو گئی۔ کہیں گرفتاریاں اور کہیں رکاوٹیں ہٹانے کے جتن ونے لگے۔

گوجرانوالہ اور میانوالی کے قافلوں نے تمام رکاوٹیں ہٹا ڈالیں۔ میرپور سے آنے والے فواد چودھری کے قافلے کو جہلم میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں جھڑپ ہوئی۔ ضلعی صدر اسجد علی ملہی کو گرفتار کر لیا گیا۔ جنوبی پنجاب سے پی ٹی آئی کا ایک بھی قافلہ تاحال لاہور نہ پہنچ سکا۔

پی ٹی آئی ورکر شاہدرہ چوک میں رکاوٹیں توڑ کر آگے بڑھ گئے۔ کارکنوں میں ڈنڈا بردار بھی شامل ہیں۔ مسلسل پیش قدمی کرتے پی ٹی آئی کے رہنما میاں حماد اظہر کے قافلہ کو مریدکے کے قریب روک لیا گیا جبکہ پی ٹی آئی رہنما ارشد ورک کو ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا گیا۔ کامونکی سے پی ٹی آئی رہنما احسان اللہ ورک اور ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کے رہنما  ایم پی اے بلال تارڑ کے ڈیرہ پرفائرنگ کی گئی۔

آزادی مارچ کو روکنے کیلئے وزیرآباد کے پاس دریائے چناب پل کو کنٹینر کھڑے کر کے بند کر دیا گیا۔ کنٹینرز کے ساتھ ساتھ مٹی کے ڈھیر لگا دیئے گئے۔ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ دریائے چناب پل بند ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گجرات سے لالہ موسی تک جی ٹی روڈ بھی بند کیا گیا ہے۔ منڈی بہاؤالدین سے ایم این اے امتیاز گوندل اور ایم پی اے طارق تارڑ، سابق ایم ہی اے طارق ساہی سمیت درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پھالیہ روڈ پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔

سیالکوٹ میں پولیس نے جناح ہاؤس سے سابق ضلعی صدر چودھری شاہ نواز سمیت پانچ کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ آزادی مارچ کو روکنے کے لیے پتوکی کے پاس جوڑیاں نہر اور جمبرنہر پر کنٹینر لگا کر روڈ مکمل بلاک کیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی وے مکمل بند ، پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ قصور میں آزادی مارچ کے شرکاء کو روکنے کے لئے مصطفی آباد ٹول پلازہ سے پولیس نے روڈ کو مکمل بند کر رکھا ہے۔ دیپالپور سے سیکڑوں کھلاڑیوں کا قافلہ مارچ کے لیے روانہ ہوا۔

ادھر اسلام آباد میں پولیس نے جی سیکس میں کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کرنا شروع کر دیا۔ فیض آباد میں کارکنوں نے کرین کی مدد سے کنٹینرز ہٹا دیئے۔