Tuesday, April 23, 2024

تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے قبل پولیس کا ایکشن، شہر شہر چھاپے اور پکڑ دھکڑ

تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے قبل پولیس کا ایکشن، شہر شہر چھاپے اور پکڑ دھکڑ
May 24, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے قبل پولیس نے شہر شہر چھاپے مار کر پکڑ دھکڑ کی۔

پی ٹی آئی قائدین اور متحرک کارکنوں کو گھروں میں رات بھر پولیس تلاش کرتی رہی۔ لاہور اسلام آباد، راولپنڈٰی، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بھی چھاپے مارے گئے۔ حماد اظہر کے گھر پی ٹی آئی اجلاس کی اطلاع پر پولیس دو بار پہنچی لیکن رہنماؤں میں سے کسی کو گرفتار نہ کر سکی ۔ اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید، میاں  اسلم اقبال کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔ 10 سے زائد کارکن اہلکاروں کے ہتھے چڑھ گئے ۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ میں مجموعی طور پر 150 سے  زائد کارکن پولیس نے دھر لیے۔

گرفتاری کیلئے لاہور پولیس کو دی گئی فہرست بھی سامنے آ گئی ۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو فراہم کردہ فہرست 750 افراد پر مشتمل ہے۔ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز، چیئرمین اور متحرک کارکنوں کے نام شامل ہیں۔ نمبر اور ایڈریس بھی لکھا گیا۔ زیرحراست افراد کو 16 ایم پی او کے تحت جیل بھیجا جائے گا۔

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی پولیس نے چھاپے مارے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد عمر اور بابر اعوان کی گرفتاری کی کوشش کی گئی۔ راولپنڈی میں شیخ  رشید اور سابق وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت  کی گرفتاری  کیلئے چھاپہ مارا گیا۔ دونوں گھروں میں موجود نہیں تھے ۔ اہلکاروں نے ملازمین سے پوچھ گچھ کی۔  

دوسری طرف پنجاب کے بعد کراچی میں بھی پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف ایکشن شروع ہو گیا۔ شہر بھر سے پی ٹی آئی رہنماؤں اور  سرگرم کارکنان کی گرفتاریاں جاری ہیں۔ پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکرٹری اور ایم این اے سیف الرحمٰن کو پولیس نے گرفتار کر لیا ۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر  اور ایم پی اے  بلال غفار کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا۔ بلال غفار گھر پر موجود نہیں تھے۔