Friday, April 19, 2024

تحریک انصاف کا کراچی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کا مطالبہ

تحریک انصاف کا کراچی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کا مطالبہ
June 19, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک انصاف نے کراچی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کر دیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علی حیدر زیدی کی جانب سے این اے 240 میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے مفصل رپورٹ پیش کی گئی۔ سیاسی کمیٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کی استعدد و صلاحیت پر  گہری تشویش کا اظہار اور این اے 240 کے ضمنی انتخاب کو مکمل طور پر کالعدم قرار دینے کی سفارش کی ہے۔

عمران خان نے کہا این اے 240 میں صاف و شفاف انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ محض 8 فیصد لوگوں کی ووٹنگ میں شمولیت بڑے پیمانے پر عوام کے انتخابی عمل سے لاتعلقی کا اظہار ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تشدد اور دھاندلی کی غیر معمولی اطلاعات کے باوجود انتخاب کو کالعدم قرار نہ دینے کا فیصلہ باعث تعجب ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں 40 فیصد ٹرن آؤٹ کے باوجود انتخاب کالعدم قرار دیا۔

عمران خان کو پیش کی جانے والی مفصل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کراچی میں حلقہ 240 میں 16 جون 2022 کو الیکشن ہوا، حلقہ 240 میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 8سو 55 ہے۔ ضمنی انتخاب میں 39 ہزار 7سو 29 افراد نے ووٹ کاسٹ کیا۔ حلقہ 240 میں ووٹر ٹرن آوٹ 9 فیصد سے بھی کم رہا۔