Wednesday, April 24, 2024

تحریک انصاف کا اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ، قافلے چل پڑے

تحریک انصاف کا اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ، قافلے چل پڑے
May 25, 2022 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) - تحریک انصاف کا آج اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ شروع ہو گیا۔ قافلے بھی چل پڑے۔

گوجرانوالہ سے پی ٹی آئی کا قافلہ ہیڈ خانکی بیراج سے تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوا۔ وزیراعلی گلگت بلتستان کی قیادت میں قافلہ اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہے۔ سکردو سے آنے والا قافلہ بھی شامل ہو گیا۔ راوی روڈ بتی چوک پہنچنے والے کارکنوں پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔

ادھر حقیقی آزادی مارچ روکنے کے لیے لاہور کے اندرونی اور بیرونی راستوں کو رات کو ہی کینٹیرز لگا کر بند کر دیا گیا۔ بابو صابو، ٹھوکر نیاز بیِگ، بتی چوک اور محمود گھاٹی پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا پرامن احتجاج ہمارے تمام شہریوں کا حق ہے۔ پنجاب اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف ظالمانہ کریک ڈاؤن جاری ہے۔ کریک ڈاؤن سے ن لیگ کا فاشسٹ چہرہ سب کے سامنے آ گیا۔ ہماری حکومت کیخلاف پیپلزپارٹی، مسلم لیگ نون اور جے یو آئی نے جلسے کئے۔ ہم نے انکے کیخلاف کسی قسم کی چھاپہ مار کاروائیاں نہیں کیں۔ معیشت پہلے ہی تباہی کے گڑھے میں اتر چکی ہے۔ ڈاکوؤں اور ان کے آقاؤں کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ یہ غیر جمہوری اور سفاکانہ اقدامات معاشی صورتحال میں مزید ابتری لائیں گے۔