Friday, March 29, 2024

تحریک انصاف جلسے سے متعلق شوبز شخصیات کا پیغامات میں نیک خواہشات کا اظہار

تحریک انصاف جلسے سے متعلق شوبز شخصیات کا پیغامات میں نیک خواہشات کا اظہار
March 27, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (عمران راج) - تحریک انصاف کے آج ہونے والے تاریخی جلسے کے حوالے سے شوبز شخصیات نے ویڈیو پیغامات کے ذریعے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

اداکار فرحان علی آغا نے کہا اگر جلسے کو ظاہری نظر سے دیکھیں تو سیاسی جنگ نظر آتی ہے، لیکن ایمان اور سچائی کی نظر سے دیکھیں تو سچ اور جھوٹ کی ایک جنگ ہے، امر بالمعروف جلسہ حق و باطل کی جنگ ہے۔

گلوکار عطاء اللہ عیسی نے کہا ستائیس مارچ کو اسلام آباد چلو، نکلو پاکستان کی خاطر، نکلو اپنے خان کی خاطر۔ اگر ہم نے یہ موقع ضائع کر دیا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔

اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ میں عمران خان کی تب سے فین ہوں جب سے وہ کھلاڑی تھے، میں عمران خان کی لیڈر شپ کا اب بھی فین ہوں، میری خواہش اور دُعا ہے کہ آپ اپنی مدت پوری کریں۔

اداکار شان نے کہا ویلڈن ہمایوں سعید، صرف پاکستان کے لیے سچ کا ساتھ دو، قوم کی سب سے بڑی امانت اس کا وطن ہے جو وہ سیاسی امینوں کو سونپتے ہیں، اس امانت میں خیانت نہیں ہونی چاہئے۔ اصل امین پہچانو!، وطن سے محبت کے پارٹی اور صحیح فیصلہ ضروری ہے۔

اداکارہ حنا بیات نے کہا مریم نواز نے کہنے پر مجبور کر دیا کہ آپ کے منہ میں خاک، اللہ نہ کرے کہ پاکستان کا طیارہ اس پاکستان میں اترے جو آپ اور آپ کی اتحادی جماعت نے بنا دیا تھا۔ اللہ تعالیٰ اندرونی و بیرونی دشمنوں سے پاکستان کی حفاظت کرے، اللہ تعالیٰ محب وطن لیڈر اور پاک فوج کی حفاظت کرے۔ امین!

اداکار فیصل قریشی نے تاریخی جلسہ امر بالمعروف کے بارے میں ویڈیو بیان میں کہا آپ کو خان صاحب پسند ہیں، ان کا منشور سمجھ آتا ہے تو آپ کو اسلام آباد ضرور جانا چائیے۔ آپ کو لگتا ہے پچھلے کئی سے سالوں سے بہتر ہیں جو ہم نے بھگتے ہیں تو بھی آپ سب کو ضرور جانا چاہئے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ سچی بات یہ ہے کہ یہ حق اور سچ کی جنگ ہے، گھر بیٹھ کے باتیں کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، نکلنا پڑے گا اور سپورٹ کرنا پڑے گا۔ قدم بڑھائیں اور خان صاحب کو اسپورٹ کریں۔