Thursday, March 28, 2024

تحریک آزادی کشمیر کے درخشاں ستارے برہان وانی کی شہادت کو چھ برس بیت گئے

تحریک آزادی کشمیر کے درخشاں ستارے برہان وانی کی شہادت کو چھ برس بیت گئے
July 8, 2022 ویب ڈیسک

سری نگر (92 نیوز) - تحریک آزادی کشمیر کے درخشاں ستارے برہان وانی کی شہادت کو چھ برس بیت گئے۔ مقبوضہ وادی میں حریت قیادت کی جانب سے آج مکمل ہڑتال کی اپیل کی گئی ہے۔

شہید برہان وانی کے نام سے بھی خوفزدہ قابض بھارتی فوج نے پوری مقبوضہ وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا۔ سرینگر سمیت دیگر اضلاع میں کٹ پتلی انتظامیہ نے انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بھی بند کر دی۔

دو ہزار سولہ میں بھارتی فورسز نے ضلع اننت ناگ میں برہان وانی کو ان کے ساتھیوں سمیت شہید کر دیا تھا، جس کے بعد وادی میں شدید ردعمل سامنے آیا۔ بھارتی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں ایک سو گیارہ کشمیری شہید ہوئے۔

برہان وانی کی نماز جنازہ میں لاکھوں کشمیریوں نے شرکت کی۔ انہیں پاکستانی پرچم میں ان کے بھائی کی قبر کے قریب سپردخاک کیا گیا۔

اپنی زندگی میں بھارت کے لیے خوف کی علامت بنے رہنے والا نوجوان برہان وانی شہادت کے بعد کشمیریوں کے لیے ہیرو بن کر ابھرا۔ شہادت کے بعد آزادی کی تحریک کو نیا رُخ دے گیا۔ 8 جولائی 2016 کے بعد مقبوضہ کشمیر کی فضاؤں میں آزادی کے نعروں کی گونج پہلے سے زیادہ تیز ہو گئی۔ جذبہ شہادت سے سرشار کشمیری قابض بھارتی فوج کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔